سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات کیلئے تین ہفتے کا وقت دیدیا

سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات کیلئے تین ہفتے کا وقت دیدیا

صاف پانی کیس:’مجھے لگتا ہے اگلے وزیراعظم آپ ہونگے‘چیف جسٹس کی بات پر شہباز شریف نے ایسا جواب دیدیا کہ پوری عدالت میں قہقہے لگ گئے

................

لاہور:سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات کیلئے تین ہفتے کا وقت دیدیا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس منظورملک،جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل بنچ نے صاف پانی کیس کی سماعت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو صافی پانی کی فراہمی کے اقدامات کیلئے تین ہفتے کا وقت دیدیا۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب میں دلچسپ مکالمہ بھی ہوا اور چیف جسٹس نے شہباز شریف کو کہا کہ میرا خیال ہے اگلے وزیر اعظم آپ ہوں گے،جس پر وزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ آپ میری نوکری کے پیچھے کیوں پڑ گئے ہیں، شہباز شریف کے جواب پر عدالت قہقہوں سے گونج اٹھی۔

دوران سماعت وزیراعلیٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے طویل جدوجہد کی،جمہوریت کے استحکام اور ملکی بقا کے لیے عدلیہ کی آزادی انتہائی ضروری ہے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میری خواہش ہے کہ یہی سوچ آپ کی پارٹی کی سطح پر بھی نظر آئے،تین دفعہ کہہ رہا ہوں صاف اور شفاف الیکشن کروائیں گے،تعلیم اور صحت کے مسائل سپریم کو رٹ آپ کے ساتھ مل کر حل کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے درجنوں ترقیاتی منصوبے سمیت کول پاور پلانٹ لگائے ہیں،جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا کول پاور پلانٹ کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ نہیں ہوگا۔شہبازشریف نے جواب دیا کہ ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں،ہر پراجیکٹ پر بیلین ڈالرز خرچ ہوتے ہیں،ہم اس بات کو بھی مد نظر رکھتے ہیں کہ کم لاگت میں اس کو کیسے پورا کریں،صوبائی حکومت نے عوامی ترقی کے میگا پراجیکٹس میں اربوں روپے بچائے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ عدالت آپ کے تعاون اور اشتراک سے عوامی مسائل کا خاتمہ چاہتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ کا جامع منصوبہ پیش کردیں گے ،جس کے بعد سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صافی پانی کی فراہمی کے اقدامات کیلئے تین ہفتے کا وقت دیدیا۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس ثاقب نثار نے صاف پانی کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کیا تھا لیکن مصروفیت کے باعث وہ عدالت پیش نہ ہو سکے تھے۔