مہنگائی سے ستائی عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی قیمت بھی بڑھ گئی

bad news for the people, the price of electricity has also gone up
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مہنگائی کے بوجھ تلے پسی پاکستانی عوام کیلئے ایک اور بری خبر ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوام صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے ترپن پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ نیپرا نے یہ فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ رواں ماہ فروری کے بلوں میں صارفین سے وصول کیا جائے گا۔

تاہم نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کراچی کے شہریوں کو بجلی ترسیل کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک پر عائد نہیں ہو گا۔

یہ بات ذہن نشین رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ جنوری میں ہی بجلی کی قیمت میں ایک روپے پچانوے پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔