Get Alerts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نےافغانستان کو میچ کے دوسرے سپر اوور میں شکست دےدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نےافغانستان کو میچ کے دوسرے سپر اوور میں شکست دےدی

احمد آباد: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست دے دی۔

پہلے سپر اوور میں افغانستان نے 17 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا نے بھی اتنے ہی رنز اسکور کیے۔ دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز بنائے، جس کے بعد افغانستان کی ٹیم ان رنز کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی۔

گروپ ڈی کے اس دلچسپ میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، مگر مارکرم 12 کے مجموعے پر فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ داری سے اننگز کو آگے بڑھایا اور افغان بولرز کو کوئی موقع نہ دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایک ہی اوور میں اپنی ففٹیز مکمل کیں، ریکلٹن نے 61 اور ڈی کوک نے 59 رنز بنائے۔ ڈیوالڈ بریوس 23 رنز اور ڈیوڈ ملر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے عظمت عمر زئی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ راشد خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کی بیٹنگ کے دوران رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اننگز کا آغاز کیا۔ ایک موقع پر افغانستان کی پوزیشن مضبوط نظر آئی، لیکن 13 گیندوں میں 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باعث پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 187 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ گرباز نے 42 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ عظمت اللہ عمر زئی نے 22 اور راشد خان نے 20 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ سے قبل افغانستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا تھا، جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دی تھی

ٹیگز: