عالمی وبا میں مبتلا معین علی سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے آؤٹ

England Player Moeen Ali confirmed to miss first Test after positive Covid-19 result
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: عالمی وبا میں مبتلا برطانوی کرکٹر معین علی کو سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلورووڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

معین علی کو برطانوی ٹیم میں آل راؤنڈر کھلاڑی کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کا 4 جنوری کو وبائی ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد سے انہوں نے خود کو آئسولیٹ کیا ہوا ہے۔ ان کیساتھ رابطے میں رہنے والے کرس ووکس قرنطینہ سے باہر نکل آئے ہیں۔ تاہم ہیڈ کوچ سلورووڈ نے کہا ہے کہ اس بارے میں کہنا مشکل ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ کھیلیں گے یا نہیں۔ خیال رہے کہ برطانیہ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز جمعرات سے شروع ہو رہی ہے۔

برطانوی ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلورووڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معین علی کی حالت بہتر ہے تاہم انھیں احتیاطی تدابیر اختیار کراتے ہوئے ابھی تک آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ طبی عملہ گاہے بگاہے ان کا معائنہ کرتا ہے جبکہ موبائل پیغامات کے ذریعے بھی ان کی صحت کے بارے میں اطلاعات ملتی رہتی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ وہ جلد اس بیماری کو شکست دے کر کیمپ جوائن کر لیں گے تاہم یہ بات واضح ہے کہ وہ سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہونگے۔

ذہن میں رہے کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے قبل برطانیہ کے تمام کھلاڑیوں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس دوران معین علی میں وبائی مرض کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے معین علی اور ان کیساتھ رابطے میں رہنے والے دوسرے کھلاڑی کرس ووکس کو سب کھلاڑیوں سے علیحدہ کرکے آئسولیٹ کر دیا تھا۔

تاہم کرس ووکس نے اپنی آئسولیشن کی معیاد مکمل کر لی ہے۔ ان میں وبائی مرض کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، ان کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ جلد ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کو جوائن کر لیں گے۔