رجیم چینج آپریشن“ کلیدی کٹھ پتلیوں کے ڈھیر ہونے کے بعد ریزروڈ مُہرے میدان میں اتارے جارہے ہیں، زلفی بخاری 

رجیم چینج آپریشن“ کلیدی کٹھ پتلیوں کے ڈھیر ہونے کے بعد ریزروڈ مُہرے میدان میں اتارے جارہے ہیں، زلفی بخاری 

  اسلام آباد ؛(شیراز احمد شیرازی)  ”پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما زلفی بخاری کا سابق گورنر پنجاب چودھری سرور  کے بیان کے ردعمل میں  کہنا  تھا  کہ  رجیم چینج آپریشن“ کی کلیدی کٹھ پتلیوں کے ڈھیر ہونے کے بعد حکومت  ریزروڈ مُہرے میدان میں اتار ہی ہے ۔  

پی ٹی آئی رہنما  زلفی بخاری کا کہنا  تھا  کہ پنجاب کے ایک سابق گورنر چودھری سرور  کا  سیاسی منظر نامے  میں کردار  اسی سلسلے کی ایک کَڑی ہے،  وہ  ذات کے حصار میں قید ہیں  اور  صرف سازگار حالات ہی میں سیاست کرنے پر ایمان رکھتے ہیں،چودھری سرور نے  مشکل وقت آتے ہی ان لوگوں کا ساتھ چھوڑ گئے جنہوں نے ان پر احسانات  کیئے تھے ۔  

زلفی بخاری کا  کہنا تھا کہ عمران خان نے سابق گورنر کو جگہ دی لیکن وہ صرف تبھ تک  اقتدار کے مزے لوٹتے رہے جب تک  زمین گرم نہیں ہوئی،  اب موصوف کسی نئے ٹھکانے کی تلاش میں اور وہی بیان دے رہے ہیں  جو ان کے منہ میں ٹھونسا جارہا ہے،  سابق گورنر  کی برطانیہ میں سیاست بھی اسی قسم کی قلابازیوں کا مجموعہ رہی ہے ۔ 

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  جس جھوٹ کو گزشتہ 9 ماہ میں 13 جماعتیں مل کر سچ نہ بناسکیں اسے سچ بنانے کیلئے سابق گورنر صاحب کی خدمات لی گئی ہیں، فیصلہ سازوں  کا  غلطیوں پر اصرار قوم پر مسلسل حادثات کے دروازے کھول رہا ہے، سیاست قوم کے اعتماد کا بوجھ اٹھانے کا نام ہے، کٹھ پتلیوں اور سیاسی خانہ بدوشوں کا جمعہ بازار لگانے کا نہیں ، ان کا حال باہر سے بلوا کر حکومت میں بٹھائے جانے والے مجرموں سے مختلف نہیں ہوگا۔  

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دور میں کرپشن نہیں تھی عمران خان کے دور میں پنجاب میں کرپشن میں کئی گنا اضافہ ہوا  نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ  تحریک انصاف کی حکومت میں ریاست مدینہ میں میں نے دیکھا کہ عثمان بزدار کے دور میں پنجاب کے اندر ڈپٹی کمشنر ،ڈی سی او ، سیکرٹری اور سکول کالج کے پرنسپل بھی پیسے دے کر لگتے رہے ہیں اور آج پرویزالہی کی حکومت میں بھی ایسا ہی ہورہاہے ۔