وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس، جے آئی ٹی کی رپورٹ چیلنج کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس، جے آئی ٹی کی رپورٹ چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: جے آئی ٹی رپورٹ کے آفٹر شاکس آج بھی جاری ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے پھر اہم رفقاء اور قانونی ماہرین کے ساتھ طویل بیٹھک سجائی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اہم اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر اہم وزراء شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کے لیے قانونی مشیروں سے مشاورت مکمل کی اور انہیں اس حوالے سے گرین سگنل بھی دے دیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد کی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ادھر وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بھی اسلام آباد میں اہم ملاقات کی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں پاناما جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں موجود شریف خاندان کی کمپنیوں کی کارکردگی اور مالی حالت سے خاندان کی دولت ثابت نہیں ہوتی۔ 

جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی جانب سے ضروری معلومات میں فراہمی میں ناکامی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا تھا کہ شریف خاندان اپنے ذرائع آمدن کو واضح نہیں کر سکے۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں لیگی رہنماؤں نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس رپورٹ کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں