اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے شہر قائد میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرکے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ’وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے، کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کے باعث بہت زیادہ دکھی ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’ مجھے یقین ہے سندھ حکومت وزیراعلیٰ سندھ کی قابل قیادت میں زندگی کو معمول پر لائے گی۔ کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا صورتحال پر سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔‘
Just spoke to CM Syed Murad Ali Shah. Deeply saddened by the tragic losses due to torrential rains in Karachi. I am confident that Sindh govt will rise to the occasion & bring life back to normal under the able leadership of CM Sindh. Have offered to extend every possible support
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 11, 2022
دوسری جانب وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو صوبائی حکومتوں اور پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسلادھاربارشوں سے عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایت کردی ہے، عوام کے تحفظ اور نقصانات سے حتی الامکان بچاؤ کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور مدد کی جائے، متاثرہ عوام کو عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر دکھ ہے، کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے تدارک کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔