Get Alerts

امریکا نے متحدہ عرب امارات کو برآمدی رعایتوں کی خصوصی فہرست میں شامل کر لیا

امریکا نے متحدہ عرب امارات کو برآمدی رعایتوں کی خصوصی فہرست میں شامل کر لیا

واشنگٹن: امریکا نے متحدہ عرب امارات کو ان منتخب ممالک میں شامل کر لیا ہے جنہیں امریکی برآمدات کے حوالے سے خصوصی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد یو اے ای کے لیے جدید امریکی ٹیکنالوجی، دفاعی آلات اور دیگر حساس مصنوعات تک رسائی پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات A:5 ایکسپورٹ کیٹیگری میں شامل ہونے والا پہلا خلیجی ملک جبکہ ترکیے کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والا دوسرا اسلامی ملک بن گیا ہے۔

اس نئی درجہ بندی کے تحت اماراتی حکومت اور مجاز تجارتی ادارے مقررہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے متعدد امریکی مصنوعات الگ برآمدی اجازت نامہ حاصل کیے بغیر درآمد کر سکیں گے۔

ان اشیا میں بعض دفاعی سازوسامان، تجارتی سیٹلائٹس، خلائی ٹیکنالوجی اور دیگر جدید آلات شامل ہیں، جنہیں تیل و گیس، سمندری پانی کو صاف کرنے کے منصوبوں اور سول جوہری توانائی جیسے شعبوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکی محکمہ تجارت کے مطابق اس فیصلے سے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی، بنیادی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اسٹریٹجک تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
 
 
 

ٹیگز: