نئی دہلی: بھارتی وزارت دفاع نے تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کے "کوئیک ری ایکشن سرفیس-ٹو-آئیر میزائل سسٹم" (QRSAM) کی خریداری کی منظوری کے لیے تجویز پیش کر دی ہے۔ یہ دفاعی نظام بھارتی فوج کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق QRSAM کی رینج 30 کلومیٹر تک ہے اور یہ 360 ڈگری ریڈار کوریج فراہم کرتا ہے۔ یہ موبائل دفاعی نظام 24 گھنٹے فعال رہ سکتا ہے اور ڈرونز، ہوائی جہاز اور کروز میزائلز کے خلاف مؤثر ہے۔ اس منصوبے میں ڈی آر ڈی او، بی ای ایل اور بی ڈی ایل کی مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی اس بڑی اسلحہ خریداری سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔