کراچی: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی بجٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو عالمی منڈی میں کم قیمتوں، فوجی حمایت اور سیاسی استحکام جیسے نادر مواقع میسر تھے، مگر اس کے باوجود کوئی ترقیاتی یا اصلاحاتی بجٹ سامنے نہ آ سکا۔
انہوں نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہاایسا وقت جب بنیادی معاشی اصلاحات ممکن تھیں، حکومت نے روایتی بجٹ پیش کر کے سنہری موقع گنوا دیا۔
مفتاح کا کہنا تھا کہ اگر حکومت 2.68 فیصد گروتھ کو کامیابی سمجھتی ہے، تو وہ اگلے سال 6 فیصد گروتھ کا دعویٰ بھی کر سکتی ہے۔ انہوں نے این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی ریونیو بورڈز کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب تک وسائل کی تقسیم پر نظرثانی نہیں ہوگی، معیشت سدھرنے کی امید نہیں۔