اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے جس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کابینہ کو بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ اجلاس کے بعد آئندہ مالی سال کے بجٹ کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آج اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کی معاشی ترقی کی شرح 3.7 فیصد رہی، جبکہ اگر مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال نہ ہوتی تو جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد سے بھی اوپر جا سکتی تھی۔ ان کے مطابق پاکستانی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مثبت نمو دیکھی گئی، جن میں سیمنٹ سیکٹر میں 10 فیصد، فرٹیلائزر سیکٹر میں 17 فیصد اور پیٹرولیم سیکٹر میں 5 فیصد اضافہ شامل ہے۔ فی کس سالانہ آمدن بھی بڑھ کر 1751 ڈالر سے 1901 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق ٹیکس محصولات میں 11.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جولائی تا مئی اوسط مہنگائی 6.7 فیصد رہی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 29 مئی 2026 تک زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 17.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو سالانہ بنیادوں پر 49 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔