Get Alerts

انسٹاگرام نے فیڈ کو مزید ذاتی بنانے کا فیچر متعارف کرا دیا

انسٹاگرام نے فیڈ کو مزید ذاتی بنانے کا فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے صارفین کو مواد پر بہتر کنٹرول دینے کے لیے اپنے الگورتھم پرسنلائزیشن فیچر میں اہم توسیع کر دی ہے، جس کے بعد صارفین اپنی پسند کے مطابق فیڈ کو زیادہ بہتر طریقے سے ترتیب دے سکیں گے۔

اس نئے فیچر کے تحت انسٹاگرام کی مرکزی فیڈ میں صارفین کو ان موضوعات سے متعلق مواد زیادہ دکھایا جائے گا جن میں وہ دلچسپی رکھتے ہیں، جس سے ایپ کا مجموعی تجربہ مزید ذاتی نوعیت کا ہو جائے گا۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے تجربے کو بہتر اور زیادہ مربوط بنانا ہے، تاکہ وہ اپنی دلچسپی کے مطابق مواد آسانی سے دیکھ سکیں۔

تاہم اس تبدیلی کے نتیجے میں صارفین کو ان اکاؤنٹس کی پوسٹس نسبتاً کم نظر آ سکتی ہیں جنہیں وہ فالو کرتے ہیں، کیونکہ نیا سسٹم دلچسپی پر مبنی مواد کو ترجیح دیتا ہے۔

یہ فیچر مکمل طور پر دلچسپی پر مبنی اصطلاحات اور موضوعات پر کام کرے گا، جس کے لیے صارفین کو اپنی ترجیحات واضح طور پر درج کرنا ہوں گی۔

ایڈم موسیری نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اکثر صارفین شکایت کرتے ہیں کہ ان کی پوسٹس فالوورز تک پوری طرح نہیں پہنچ پاتیں۔

ان کے مطابق کسی اکاؤنٹ کو فالو کرنا صارف کے تجربے کو بہتر بناتا ہے، تاہم جب ریکومینڈیشنز مرکزی فیڈ پر حاوی ہو جاتی ہیں تو فالوورز کا روایتی تجربہ متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسی مسئلے کے حل کے لیے اب صارفین کو “Following Feed” کا آپشن بھی فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں وہ صرف ان اکاؤنٹس کی پوسٹس دیکھ سکیں گے جنہیں وہ فالو کرتے ہیں۔
 
 
 

ٹیگز: