Get Alerts

مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثہ: شہدا کی نماز جنازہ ادا،وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کی شرکت

مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثہ: شہدا کی نماز جنازہ ادا،وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کی شرکت

راولپنڈی: مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں حکومتی اور عسکری شخصیات نے شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دو مسیحی شہداء کی آخری رسومات راولپنڈی کے کرسٹ چرچ میں ادا کی گئیں، جہاں سیاسی و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شہداء کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاک فوج نے امن، سلامتی اور قومی خودمختاری کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
 
 

ٹیگز: