راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں خوارج کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے میجر سید معیز عباس شاہ کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، اعلیٰ عسکری اور سول حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہید میجر معیز عباس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال بنے۔ انہوں نے اپنی جان مادرِ وطن پر قربان کر کے وفاداری، ایثار اور حب الوطنی کی عظیم روایت قائم کی۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہداء کا لہو ہی ہماری قومی یکجہتی اور عزم کی بنیاد ہے۔ ہم ان کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید کی میت اُن کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ہے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ دونوں سپوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بناتے ہوئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں۔