کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری برازیل کی مشہور زرد (یلو) جرسی پہن کر فٹبال کے رنگ میں رنگ گئے، انہوں نے کراچی کے شہریوں کے لیے فیفا ورلڈ کپ کا میلہ لیاری میں سجانے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے ایک منفرد ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے خود کو برازیل فٹبال ٹیم کا فین ظاہر کرتے ہوئے کراچی کے تمام فٹبال متوالوں کو لیاری کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم آنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کے تمام میچز بڑے اسکرین پر لائیو دیکھنے کے لیے اس سے بہتر اور پرجوش جگہ کوئی نہیں ہو سکتی۔
فٹبال کے عالمی کپ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ لیاری کے انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں ایک بہت بڑی سکرین نصب کی گئی ہے جہاں افتتاحی تقریب، تمام میچز اور اختتامی تقریب دکھائی جائے گی۔
لیاری کے علاوہ ملیر کے علاقے صدیق گوٹھ، کلری کے علی محمد محلہ اور سیفی لین سمیت شہر کے مختلف مقامات پر بھی بڑی سکرینیں لگائی گئی ہیں تاکہ عوام اپنے پسندیدہ کھیل کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لیاری کو فٹبال سے جنونی حد تک لگاؤ کی وجہ سے پاکستان کا "منی برازیل" کہا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا برازیل کی جرسی پہن کر ویڈیو پیغام جاری کرنا اور شہریوں کو مدعو کرنا اس جوش کو مزید بڑھا گیا ہے۔