وزیراعلیٰ سے ملنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کر کے دکھائیں، نشاط ڈاہا

وزیراعلیٰ سے ملنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کر کے دکھائیں، نشاط ڈاہا
کیپشن: مولانا فضل الرحمن کو صدارتی ووٹ دینے سے بھی انکار کر کے بھرے اجلاس میں پارٹی قیادت کو بتا دیا تھا، نشاط ڈاہا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کے ناراض رکن نشاط ڈاہا نے قیادت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا جرات ہے تو وزیراعلیٰ سے ملنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کر کے دکھائیں اور ایکشن لینا اتنا آسان نہیں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ کوئی کارروائی کر سکیں۔

رکن پنجاب اسمبلی رکن نشاط ڈاہا نے نجی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ابھی فارورڈ بلاک نہیں بنایا لیکن وقت آنے پر کوئی بھی فیصلہ ہو سکتا ہے، وزیراعلیٰ سے حلقے کے مسائل کے حل کے لئے ملاقات کی، حمزہ شہباز سے اختلافات ہیں اور مولانا فضل الرحمن کو صدارتی ووٹ دینے سے بھی انکار کر کے بھرے اجلاس میں پارٹی قیادت کو بتا دیا تھا۔

نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ ایک عرصہ ہوگیا ہے اپوزیشن چیمبر میں نہیں گیا، قیادت سے اختلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مسلم لیگ ن میں ہوں اور ابھی فارورڈ بلاک نہیں بنایا لیکن سیاست میں کوئی بھی فیصلہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہاں میں لوٹا ہوں مگر پاکستان میں کون لوٹا نہیں، نواز شریف، شہباز شریف، یوسف رضا گیلانی، شاہ محمو د قریشی خود لوٹے ہیں، تحریک انصاف تو ساری لوٹوں کے ذریعے بنی، اگر کوئی مجھ سے مناظرہ کرنا چاہے تو تیار ہوں۔

خیال رہے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مسلم لیگ ن کے مجموعی طورپر پندرہ ارکان نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔ وزیر اعلٰی کی اعلانیہ حمایت کرنے والے ارکان کو پندرہ پندرہ کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیمیں دینے کا اختیار دیدیا گیا ہے جبکہ حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے الگ پیکیج بھی دیا جائے گا۔