لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنماءاور وزیراعظم عمران خان کے معان خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار (ن) لیگ کا ہے تو آئیں اسے ووٹ دیں۔
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’حیثیت کی بات وہ بھی مفرور والد کی تیمارداری کے بہانے ضمانتی سرٹیفائیڈ جعلساز کے منہ سے۔۔۔ واہ۔ اس جماعت کی سیاسی حیثیت کے بارے میں کیا خیال کہ جس کو گھسیٹنا تھا اسی سے سیاسی بقاءکی بھیک مانگ رہے ہیں، جس کو نااہل کرایا اسی کو سینیٹر بنوایا۔ ڈپٹی چیئرمین (ن) کا ہے تو آئیں اسے ووٹ دیں۔‘
حیثیت کی بات وہ بھی مفرور والد کی تیمارداری کے بہانے ضمانتی سرٹیفائیڈ جعلساز کے منہ سے....واہ
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 11, 2021
اس جماعت کی سیاسی حیثیت کے بارے میں کیا خیال کہ جس کو گھسیٹنا تھا اسی سے سیاسی بقا کی بھیک مانگ رہے ہیں،جس کو نااہل کرایا اسی کو سینیٹر بنوایا۔ڈپٹی چئیرمین ن کا ہے تو آئیں اسے ووٹ دیں???? pic.twitter.com/wWakdxGaJV
قبل ازیں مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا ’اس جماعت کی کیا سیاسی حیثیت یا عزت ہو گی جو سینیٹ میں اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود اپنی جماعت کے رکن کو چیئرمین کیلئے نامزد نا کر سکے اور اس کیلئے اس کو اسٹیبلشمنٹ کے آگے ناک رگڑنی پڑے اور جس نے ڈپٹی چیئرمین کیلئے (ن) لیگ ہی کے سینیٹر کو نامزد کر دیا!‘
اس جماعت کی کیا سیاسی حیثیت یا عزت ہو گی جو سینٹ میں اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود اپنی جماعت کے رکن کو چئیرمین کے لیے نامزد نا کر سکے اور اسکے لیے اسکو اسٹیبلشمنٹ کے آگے ناک رگڑنی پڑے اور جس نے ڈپٹی چئیرمین کے لیے ن لیگ ہی کے سینٹر کو نامزد کر دیا ! ????
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 11, 2021
واضح رہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جمعہ کے روز ہو گا جس کیلئے اجلاس طلب کیا جا چکا ہے اور صدر مملکت عارف علوی نے جے ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین کو کل کے سینیٹ اجلاس کیلئے پریذائیڈنگ افسر مقرر کر دیا ہے جو ناصرف اجلاس کی صدارت کریں گے بلکہ نئے اراکین سے حلف لینے کے علاوہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کروائیں گے۔
حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادیوں نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کر رکھا ہے جبکہ مرزا آفریدی حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں جنہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نامزد کیا۔ دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کیلئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے نام کی منظوری دی گئی تھی جبکہ عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔