لاہور: متنازعہ یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی شادی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پیدا ہونے والے تنازعات پر تفصیلی بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو شرعی اور قانونی طریقے سے حل کر رہے ہیں۔
رجب بٹ نے اپنی ویڈیو میں اعتراف کیا کہ شادی سے متعلق مسائل میں سب سے بڑی غلطی انہوں نے خود کی، کیونکہ ایک ہی وقت میں سوشل میڈیا پر جواب دینے سے صورتحال مزید الجھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ شاید یہ معاملہ قانونی اور شرعی طریقے سے حل کرنا زیادہ مناسب ہوتا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی کہانیوں اور تبصروں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کی ذاتی زندگی یا فیملی سے متعلق جو بھی تنقید ہو رہی ہے، اس سے وہ پریشان نہیں کیونکہ انہیں اللہ کے علاوہ کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
یوٹیوبر نے اعلان کیا کہ آئندہ شادی یا ذاتی زندگی کے حوالے سے کوئی بیان وہ سوشل میڈیا پر جاری نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے نوٹس کے مطابق وہ اپنی شرعی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کر کے اس تنازعے کو حل کریں گے اور تمام قانونی اور شرعی کارروائیوں کے بعد معاملے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔