واشنگٹن:ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کے ساتھ سماجی رابطوں میں بھی تیزی آ چکی ہے اور اس کے ساتھ ہی کاروبار کرنے کے طریقے بھی بدل چکے ہیں ۔مارکیٹنگ کے لیے اب سب سے بڑا سہارا سماجی رابطے کی ویب سائٹس کا لیا جاتا ہے جس میں فیس بک سر فہرست ہے ۔لیکن اب فیس بک ایک ایساقدم اٹھانے جارہی ہے جس کے بعد صارفین کو اپنی ٹائم لائن سے غیر معیاری اور غیر ضروری اشتہارات والی ’پوسٹس‘ سے چھٹکارا مل جائے گا۔
فیس بک نے کہا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کر رہی ہے تاکہ اپنے صارفین کو کم معیار والی ویب سائٹ سے لنک ہونے سے دور رکھ سکے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق فیس بک حکام نے وضاحت کی ہے کہ یہ عمل غیر متعلقہ اور غلط معلومات کے خلاف جاری لڑائی کی کوشش کا حصہ ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک مصنوعی انٹیلی جنس کی مدد سے اپنے درجہ بندی کے الگورتھم میں تبدیلیاں کر رہی ہے جس کی مدد سے فیس بک صارفین کو غیر معیاری ویب سائٹ سے لنک کرنے والی پوسٹس کم ہی نظر آیا کریں گی۔
فیس بک کی جانب سے جاری کردہ ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس تبدیلی کے ساتھ فیس بک اُن لاکھوں ویب سائٹس کا جائزہ لے کر نشاندہی کرے گی جن پر حقیقی مواد کم جبکہ انتشار انگیز، افسوسناک اور بدنیتی پر مبنی اشتہارات کی ایک بڑی تعداد موجود ہو۔
فیس بک ریسرچرز جیون رین لن اور شینگبو گو کی مذکورہ بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اگر فیس بک یہ پتہ لگانے میں کامیاب ہو جاتا ہے کہ اس پر شائع ہونے والی پوسٹ کا تعلق کسی غیر معیاری ویب سائٹ سے ہے تو ایسی پوسٹ صارفین کی ٹائم لائن میں نیچے کی جانب کر دی جائیں گی جبکہ ایسی پوسٹس فیس بک پر اشتہار بننے کی بھی اہل نہیں ہوں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح سے لوگ گمراہ کن پوسٹس کو کم جبکہ معلوماتی پوسٹس کو زیادہ دیکھ پائیں گے۔