ہدایت کاری بھی کروں گی ،ہیروئن بھی خود بنوں گی:کنگنا

ہدایت کاری بھی کروں گی ،ہیروئن بھی خود بنوں گی:کنگنا

ممبئی:کہتے ہیں جس کا کام اسی کو ساجھے اور یہ سچ بھی ہے کہ ہر انسان ہر کام نہیں کر سکتا ۔ہر شخص میں کوئی نہ کوئی صلاحیت موجود ہوتی ہے اور کوئی بھی ہر فن مولا نہیں ہوتا لیکن جناب کیا کیجیے شوبز انڈسٹری کا جہاں اداکار،گلوکار ،ہدایت کار کون کیا ہے کچھ سمجھ نہیں آتا۔اداکار گلوکاری کرنا چاہتے ہیں ہدایت کار اداکاری کرنا چاہتے ہیں اور اداکار سب کچھ ہی کرنا چاہتے ہیں ایسا ہی کیا ہے بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت نے۔حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کنگنا نے فلموں کی ہدایات کرنے کے اعلان کے ساتھ اپنی ایک انوکھی شرط بھی سامنے رکھ دی۔

میڈیا رپورٹس کے  مطابق کنگنا رناوت  کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسروں کے لیے بہت فلموں میں کام کرلیا، اب وہ صرف اسی فلم میں اداکاری کریں گی، جس کی ہدایت کاری بھی وہ خود کررہی ہوں۔انہوں  نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ اگلے سال ایک کامیڈی فلم کو ڈائیریکٹ کریں گی۔

3 مرتبہ نیشنل ایوارڈ اپنے نام کروانے والی کنگنا کے مطابق ’میں نے گزشتہ 11 سالوں میں جو کچھ بھی کیا اس کی وجہ سے میں آج یہاں تک آپائی ہوں، میں 30 سال کی ہوں اور اب مجھے نہیں لگتا کہ کسی اور ہدایت کار کے ساتھ کام کیا جائے، میں خود ایک ہدایت کار بنوں گی، اب میں اپنے کیریئر میں آگے بڑھوں گی اور اُسی فلم میں کام کروں گی جس کی ہدایات میں خود دوں‘۔

خیال رہے کہ فلم ’کوئین‘ سے بالی ووڈ میں اہم جگہ بنانے والی کنگنا رناوت کی رواں سال ریلیز ہوئی فلم ’رنگون‘ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔

وہ اس وقت اپنی فلموں ’منی کرنا‘ اور ’سمرن‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔