سب سے طاقتور شمسی طوفان زمین کی فضا سے ٹکرا گیا، آسمان سبز اور جامنی ہوگیا

سب سے طاقتور شمسی طوفان زمین کی فضا سے ٹکرا گیا، آسمان سبز اور جامنی ہوگیا

واشنگٹن : دو دہائیوں کا  سب سے طاقتور شمسی طوفان زمین کی فضا سے ٹکرا گیا جس کے باعث بجلی کے گرڈز اور سیٹلائٹ مواصلات میں خلل پیدا ہوا، دنیا کے کچھ حصوں میں ٹکرائو کے سبب نکلنے والی روشنی کے مناظر بھی دیکھے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن(NOAA) نے کہا ہے کہ سورج سے تیز نکلنے والے مادے زمین کی فضا سے ٹکرائے ہیں جس کے اثرات رواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہیں گے۔

رپوٹ کے مطابق شمسی طوفان سے اخراج کرنے والے ارضیاتی مقناطیسی طوفان جی فائیو لیول تک بڑھ چکا ہے، جس کی وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سے جی پی ایس، اسپیس کرافٹ، سیٹیلائٹ و دیگر ٹیکنالوجیز متاثر ہو سکتی ہیں۔

گزشتہ دو دہائیوں کے بعد سب سے طاقتور شمسی طوفان جمعہ کے روز زمین سے ٹکرایا جس کے بعد تسمانیہ سے برطانیہ تک آسمان پر روشنیوں کو دیکھا گیا ۔ برطانیہ کے مختلف علاقوں میں آسمان پر سبز اور جامنی رنگ نمایاں دیکھا گیا۔

NOAA کے مطابق آنے والے دنوں میں اور ممکنہ طور پر اگلے ہفتے میں مزید شمسی اخراج متوقع ہیں۔امریکی ادارے نے مدار میں موجود پاور پلانٹس اور خلائی جہازوں کے آپریٹرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل2003 میں شمسی طوفان کے باعث سویڈن میں بلیک آؤٹ ہوا تھا جبکہ جنوبی افریقہ میں بجلی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے شدید متاثر ہوئے تھے۔

مصنف کے بارے میں