واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر اس دیرینہ تنازعے کا پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹرتھ سوشل" پر جاری ایک بیان میں ٹرمپ نے لکھا: "میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ کام کروں گا اور دیکھوں گا کہ کیا ہزاروں سال بعد اس مسئلے کا کوئی حل نکالا جا سکتا ہے۔" ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے سمجھداری اور صبر کا مظاہرہ کیا، اور یہ تسلیم کیا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی کا باعث بن سکتی تھی۔
انہوں نے کہا "مجھے بھارت اور پاکستان کی مضبوط قیادت پر فخر ہے۔ آپ کے بہادرانہ اقدامات نے نہ صرف کشیدگی کو روکا بلکہ آپ کی تاریخی میراث کو بھی مزید مستحکم کیا۔" ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، اور اس پیش رفت کو تاریخی قرار دیا۔
اپنے بیان کے اختتام پر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔ "یہ دونوں عظیم قومیں ہیں، اور ہم ان کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون کو فروغ دیں گے۔"
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک اور بیان میں ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان، امریکہ کی ثالثی میں، مکمل اور فوری جنگ بندی پر متفق ہو چکے ہیں۔