Get Alerts

تصویر سے عمر کا اندازہ: مصنوعی ذہانت سے حیاتیاتی عمر جاننے والی ایپ تیار

تصویر سے عمر کا اندازہ: مصنوعی ذہانت سے حیاتیاتی عمر جاننے والی ایپ تیار

لندن  :  سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صرف چہرے کی تصویر کے ذریعے انسان کی حیاتیاتی عمر (Biological Age) جاننے والی ایک جدید ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے۔ "فیس ایج" (FaceAge) نامی اس ایپ نے انسانی چہرے کی ہزاروں تصاویر کے تجزیے سے یہ صلاحیت حاصل کی ہے کہ وہ کسی بھی شخص کے جسمانی خلیوں کی اصل حالت، یعنی اس کی حیاتیاتی عمر، کا تعین کر سکے۔

یہ اعلان معروف سائنسی جریدے لانسینٹ ڈیجیٹل ہیلتھ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ایپ خاص طور پر کینسر کے مریضوں میں مفید ثابت ہو رہی ہے، کیونکہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ایسے مریض عمومی طور پر اپنی عمر سے تقریباً پانچ سال زیادہ حیاتیاتی عمر کے حامل ہوتے ہیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے معروف آنکولوجسٹ ڈاکٹر ریمنڈ میک نے بتایا کہ یہ ایپ اب ڈاکٹروں کو بہتر طبی فیصلے کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ ان کے مطابق، اگر ایک 75 سالہ شخص کی حیاتیاتی عمر صرف 65 سال ہو، تو وہ ممکنہ طور پر طاقتور علاج جیسے ریڈیو تھراپی یا سرجری کو برداشت کر سکتا ہے۔ جبکہ بعض افراد اپنی اصل عمر کے مقابلے میں حیاتیاتی طور پر کمزور ہوتے ہیں، اس لیے ان کے لیے کم شدت والے متبادل علاج بہتر ہو سکتے ہیں۔

فیس ایج کو 60 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً 58 ہزار افراد کی تصاویر پر تربیت دی گئی، اور بعد ازاں اس کا تجربہ 6,196 کینسر کے مریضوں پر امریکہ اور نیدرلینڈز میں کیا گیا۔ ایپ روایتی مہنگے جینیاتی ٹیسٹوں کے بغیر محض ایک سیلفی کی بنیاد پر ڈیٹا فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو مستقبل میں طبی دنیا میں ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: