راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ الحمدللہ، افواجِ پاکستان نے قوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا ہے۔ دشمن کی جارحیت کے خلاف پاکستان نے بھرپور دفاع کیا اور آپریشن "بنیان مرصوص" کے تحت بھارت کو مؤثر جواب دیا گیا۔
راولپنڈی میں ایئر فورس اور نیوی افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں معصوم شہری، بشمول بچے اور خاتون، شہید ہوئے۔ بھارت نے شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس کے بعد پاکستان نے دفاع کا آئینی اور اخلاقی حق استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ:
"پاک فوج نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے 26 فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ان میں اُڑی نیٹ ورک اسٹیشن اور پونچھ میں واقع بھارتی راڈار سسٹم بھی شامل تھے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہم وطن کے لیے جان دینے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ ہماری فتح اللہ کی مدد، قوم کی دعاؤں اور عوام کی یکجہتی کی مرہونِ منت ہے۔"
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر قوم اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک فوج اپنے بہادر اور محبِ وطن عوام کی پشت پر کھڑی ہے، اور ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔