کوئٹہ: انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے ایک اور خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بڑے پیمانے پر خونریزی سے بچا لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس میں سنسنی خیز انکشاف کیا کہ گرفتار بچی کو اسلام آباد میں خودکش حملے کے لیے مجبور کیا گیا تھا۔ دہشت گردوں نے اسے دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے خود کو نہ اڑایا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد معصوم خواتین کو ٹریپ کر کے انہیں اپنی دہشت گردی کی بھٹی میں جھونک رہے ہیں۔ بین الاقوامی آقاؤں کے اشاروں پر اپنی ہی بچیوں کا استحصال کرنا انتہائی شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے۔ سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا کسی صورت بلوچ روایات کا حصہ نہیں ہو سکتا۔ ان عناصر کا مقصد صرف تباہی پھیلانا ہے اور ان کا بلوچ کلچر سے کوئی واسطہ نہیں۔
حکومت نے بچی کی کم عمری اور اسے دی جانے والی دھمکیوں کے پیشِ نظر اسے انسانی ہمدردی کے تحت باعزت طریقے سے والدین کے حوالے کر دیا ہے تاکہ وہ دوبارہ نارمل زندگی گزار سکے۔