کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے براؤزر گوگل کروم کے اینڈرائیڈ ورژن میں ایک نیا پرائیویسی فیچر شامل کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین اب اپنی مکمل اور درست لوکیشن کے بجائے صرف اندازاً مقام شیئر کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر کے بعد ویب سائٹس کو صارف کے گھر، گلی یا بالکل درست پتے تک رسائی حاصل نہیں ہو گی، بلکہ انہیں صرف قریب ترین یا عمومی لوکیشن ہی فراہم کی جائے گی، جو زیادہ تر آن لائن سروسز کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔
اس سے قبل کروم صارفین سے “پریسیز لوکیشن” یعنی درست مقام تک رسائی کی اجازت طلب کرتا تھا، جس پر ماہرین کی جانب سے پرائیویسی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم ضرورت پڑنے پر، جیسے میپس یا رائیڈ ہیلنگ ایپس، صارف اپنی مرضی سے مکمل لوکیشن بھی شیئر کر سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق گوگل جلد ایک نیا API بھی متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے ذریعے ڈویلپرز واضح کر سکیں گے کہ انہیں صارف کی مکمل لوکیشن چاہیے یا صرف اندازاً مقام۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام آن لائن پرائیویسی کے تحفظ کی سمت ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔