ترجمان فرنٹ فٹ پر آ کر اپوزیشن کا مقابلہ کریں، وزیراعظم

Pakistan,pm,Imran khan,opposition
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران  خان نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بیانیے کے لیے فور فرنٹ پر کھیلیں۔

اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیے ،ملکی معیشت اور گلگت بلتستان الیکشن سے متعلق غور کیا گیا۔ ترجمانوں کے اجلاس میں وفاقی وزراء ،مشیران، معاونین بھی شریک  ہوئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن صرف اور صرف ذاتی مفاد کی خاطر ملک دشمنوں کی زبان بول رہی ہے۔ ان دنوں گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا سرکس لگا ہوا ہے اور مختلف سروے رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکی ہے۔ اپوزیشن نے قومی سلامتی کے امور پر بھی سیاست کی۔ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کریں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مہنگائی سے متعلق ہماری صوبائی حکومتیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہیں۔ ملکی معیشت کے مثبت اشاریے اپوزیشن کے لیے پریشان کن ہیں جبکہ آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمت میں واضح کمی آئے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ملک مزید مہنگائی برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہے اور ایسے اقدامات اٹھائیں گے کہ گندم اور آٹے کا کوئی بحران نہ ہو جبکہ مہنگائی میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے ۔

واضح رہے کہ حکومتی اعلانات اور اقدامات کے دعوے اپنی جگہ لیکن اس وقت ملک بھر میں اشیائے خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں اور عوام حکمرانوں سے مایوس نظر آتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس دور میں غریب آدمی سبزیاں بھی خریدنے کے قابل نہیں رہا۔

حکومت سے عوام مطالبہ کر رہی ہے کہ روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دیا جائے تاکہ غریب آسانی سے اپنی زندگی بسرکر سکے۔