شعیب ملک اور محمد رضوان کو ٹیکہ ٹھوکیں، ڈرپیں لگائیں، شعیب اختر کا مشورہ

شعیب ملک اور محمد رضوان کو ٹیکہ ٹھوکیں، ڈرپیں لگائیں، شعیب اختر کا مشورہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ شعیب ملک اور محمد رضوان کو ٹیکہ ٹھوکیں، ڈرپیں لگائیں تاکہ وہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل کھیل سکیں۔ 
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد رضوان سے متعلق پریشان کن خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ وہ فلو کا شکار ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو ٹیکے ٹھوکیں، ڈرپیں لگائیں، مجھے یقین ہے کہ وہ اس کے بعد بھرپور طریقے سے کھیلنے کے قابل ہوجائیں گے اور فلو ان کے آڑے نہیں آئے گا۔ 
شعیب اختر نے امید ظاہر کی کہ شعیب ملک اور محمد رضوان آرام کر رہے ہوں گے اور مکمل صحت یاب ہونے کیلئے سٹیم اور دوائیاں بھی لے رہے ہوں گے۔ ورلڈکپ جیتنا ہماری کرکٹ کیلئے تو بہتر ہے ہی مگر اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس سے ہماری قوم کا مورال بلند اور انہیں اصل جوش کا ٹیکہ ورلڈکپ جیت کر ہی لگے گا۔ 


واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرا سیمی فائنل آج پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز کیا تھا لیکن قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پریکٹس میں شریک نہیں ہوئے۔ ٹیم کے میڈیا منیجر ابراہیم بدیس نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو فلو ہوا ہے اور معمولی بخار بھی ہے، ان کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی کلیئر آئی ہے، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔