اسلام آباد : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور دیگر سیاسی شخصیات نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر زرداری نے عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہو گیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی مسلم لیگ (ن) کے ایک اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے۔ نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا تھا، اور ان کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ "عرفان صدیقی کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ وہ شفیق، منکسرالمزاج اور بے حد نفیس انسان تھے، جنہوں نے ہمیشہ مثبت سوچ اور علمی دیانت کی بنیاد پر رہنمائی کی۔" شہباز شریف نے عرفان صدیقی کے انتقال کو علمی دنیا اور معاشرے کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی عرفان صدیقی کی صحافتی اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، اور کہا کہ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ "عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی اور بااصول رہنما کے طور پر ہمیشہ بردباری، شرافت اور تحمل کی سیاست کی مثال قائم کی۔"
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی۔"
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ "عرفان صدیقی اصول پسند، تہذیب کی علامت اور باوقار شخصیت تھے۔"