اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پولینڈ کے یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والے پولش انجینئروں، پائلٹوں اور ٹیکنیشنز کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر زرداری کی جانب سے پولینڈ کے عوام کو 107ویں یومِ آزادی کی مبارک باد دی گئی اور کہا کہ "پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات 1962 سے باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اب تجارت، دفاع، تعلیم اور ثقافت تک وسیع ہو چکے ہیں۔
صدرِ پاکستان نے وارسا میں جولائی 2025 میں ہونے والی سیاسی مشاورت کے نویں دور کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک توانائی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ "پولینڈ کے ماہرین نے پاک فضائیہ کی ابتدائی تشکیل میں نہایت اہم کردار ادا کیا تھا۔" انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پولینڈ کے عوام کی خوشحالی و فلاح کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔