Get Alerts

پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات درپیش ، عالمی تعاون ضروری ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار

پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات درپیش ، عالمی تعاون ضروری ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار

اسلام آباد :  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات درپیش ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ہونے والے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 میں خطاب کرنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج انسانیت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، اور ان میں موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا خطرہ ہے جس کا اثر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے کئی ممالک پر پڑ رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اس پر سب سے زیادہ مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل عالمی امن و استحکام کی ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، اور عالمی ادارے اس وقت کمزور ہو چکے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط بنانا اور عالمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معاشی مساوات کو بڑھانا اور مؤثر نظام کے تحت عالمی تعاون کو نافذ کرنا ناگزیر ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی قرضوں کا بحران دنیا کے 100 سے زائد ممالک کو منفی طور پر متاثر کر چکا ہے، اور اس کے ساتھ ہی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک سب کے لیے بلاتفریق رسائی بھی اہم ہے تاکہ دنیا بھر میں ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف یکجہتی اور باہمی کوششوں سے ہی موجودہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

ٹیگز: