اسلام آباد:کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزگار کے تحفظ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک16 لاکھ، 13 ہزار، 164ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی۔ سکیم کے تحت کاروباری اداروں کو مستقل، کنٹریکٹ اور دیہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
سکیم کے تحت اپریل 2020ء سے ستمبر 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل اداروں کو 4 فیصد کی شرح پر قرضہ لینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دواکتوبر2020ء تک اس سکیم کے تحت 3457 کاروباری اداروں اور کمپنیوں نے 18 لاکھ، 88 ہزار، 808 ملازمین کے روزگار کے تحفظ کیلئے 2 کھرب، 68 ارب، 10 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔
سٹیٹ بینک نے ان میں سے 2760 اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے دو کھرب، 21 ارب 55 کروڑ، 700 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں16 لاکھ، 13 ہزار، 164ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔