اسلام آباد :زیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہے، البتہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے کابل کی جانب سے واضح ضمانت درکار ہوگی۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بتایا کہ تین سال قبل بھی افغان حکام سے طویل بات چیت ہوئی تھی جب تجویز آئی تھی کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے افراد کو کسی اور ملک میں منتقل کیا جائے، مگر اس کی گارنٹی نہ ملنے کی وجہ سے وہ منصوبہ نہ بن سکا۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے اور اگر افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی تو پاکستان افغان زمین میں بھی کارروائی کرنے کا حق رکھتا ہے۔
انہوں نے افغانستان میں مبینہ طور پر بھارتی مداخلت کے الزامات بھی دہرائے اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں بعض سیاسی بیانات سے افغان بیٹھے عناصر کی ہمت بڑھتی ہے اس پر ریاست قانونی اور عسکری جواب دے گی۔