لاہور: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے قبل صوبائی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا۔ ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت نے دی پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کو صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بل پیر کے روز ہونے والے اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے، اور منظوری کی صورت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہو جائے گا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ بل کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار اور فعال بنایا جائے گا۔
بل میں متعدد اصلاحات شامل ہیں جن کا مقصد مقامی حکومتوں کو بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے مؤثر کردار دینا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز کے ساتھ ساتھ انتظامی اختیارات بھی دیے جائیں گے۔
بل کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔