Get Alerts

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا فاطمہ خان کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا فاطمہ خان کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

کراچی: پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے ٹک ٹاکر فاطمہ خان کی جانب سے لگائے گئے ہراسانی اور دھوکہ دہی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رجب بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ فاطمہ خان کے جھوٹے الزامات سے تنگ آ چکے ہیں اور اب قانونی کارروائی کے ذریعے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا جواب دیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فاطمہ خان کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں اور ان کے پیچھے ذاتی مفاد کارفرما ہے۔

یوٹیوبر نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ ایمان ان پر مکمل اعتماد رکھتی ہیں اور یہ معاملہ وہ اپنے گھر میں عزت اور سکون کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں رجب بٹ نے وضاحت کی کہ انہوں نے کبھی فاطمہ خان سے رومانوی تعلقات نہیں رکھے اور نہ ہی انہیں قیمتی تحائف دیے۔

رجب بٹ نے اپنے خلاف لگائے گئے توہینِ مذہب کے الزامات کو بھی پروپیگنڈا قرار دیا اور انکشاف کیا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد کچھ عرصے کے لیے ملک چھوڑنا پڑا، لیکن انہوں نے واضح کیا کہ وہ جلد پاکستان واپس آئیں گے کیونکہ ان کا دل ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ ہے۔

ذرائع کے مطابق، رجب بٹ کے خلاف نیشنل کرائم اینڈ سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی نے غیر قانونی جوا ایپس کی تشہیر کرنے پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ان ایپس کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ان کی تشہیر کرتے رہے ہیں۔

یہ مقدمہ الیکٹرانک کرائمز ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت درج کیا گیا ہے کیونکہ رجب بٹ انکوائری کے لیے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
 
 

ٹیگز: