Get Alerts

پنجاب سخت ترین آفت کا شکار ، صوبہ اپنے ہی وسائل کے ذریعے سیلاب سے نمٹ رہا ہے، عظمیٰ بخاری

پنجاب سخت ترین آفت کا شکار ، صوبہ اپنے ہی وسائل کے ذریعے سیلاب سے نمٹ رہا ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وفاق یا کسی اور سے مدد طلب نہیں کی بلکہ اپنے وسائل سے سیلاب کے شدید اثرات کا مقابلہ کر رہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے جلال پور پیر والا میں سیلاب کی صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے بتایا کہ جہاں کہیں کوتاہی ہوئی، اس کی اصلاح کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلال پور پیر والا میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے وزیراعلیٰ خود ملاقات کریں گے تاکہ ان کے غم میں شریک ہو سکیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے میں فی الحال صرف دو مقامات پر سیلاب کی صورتحال تشویشناک ہے، اور بند توڑنے کا فیصلہ تکنیکی کمیٹی کرے گی جو مکمل تکنیکی بنیادوں پر کام کرتی ہے، نہ کہ سیاسی دباؤ پر۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 490 میڈیکل کیمپس اور 412 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین اور ان کے جانوروں کو طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حال ہی میں ایک پرائیویٹ کشتی والے نے سیلاب متاثرین کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کے لیے پیسے طلب کیے، جس کی نشاندہی کے بعد کارروائی کی گئی۔ ساتھ ہی جلال پور پیر والا کے اسسٹنٹ کمشنر کو ناقص انتظامات پر ہٹا دیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے خانیوال میں گندم کو بروقت محفوظ نہ کرنے کی بھی مذمت کی، جس کی وجہ سے گندم خراب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کو تین دن کا وقت دیا گیا تھا اور اب ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ مصنوعی قلت پیدا کر کے آٹے اور روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز خود گندم کے معاملے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور گندم کے نرخ میں 700 روپے فی من کی کمی آ چکی ہے۔ ناجائز آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعودی حکومت اور شاہ فیصل ٹرسٹ کی جانب سے بھی امدادی سامان متاثرین میں تقسیم کیا جا رہا ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز جلد ایک بڑا امدادی پیکج بھی جاری کریں گی۔

ٹیگز: