Get Alerts

ایئر چیف مارشل سے عراقی فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایئر چیف مارشل سے عراقی فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد : پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ موحنّد غالب محمد رعدی الاسدی نے اعلیٰ سطحی عسکری وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت، ایوی ایشن انڈسٹری میں ترقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر مہمان وفد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ دونوں فضائی افواج کے سربراہان نے مشترکہ مشقوں اور تربیتی اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری روابط مزید مضبوط ہو سکیں۔

ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور عراق کے گہرے تاریخی و مذہبی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے عراقی فضائیہ کی استعداد بڑھانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

لیفٹیننٹ جنرل الاسدی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی اے ایف ایک جدید اور قابل فخر فضائی قوت بن چکی ہے۔ انہوں نے عراقی فضائیہ کے تربیتی نظام کی ازسرنو ترتیب اور پی اے ایف کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

بعد ازاں، عراقی وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، سائبر کمانڈ اور آئی ایس آر سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے پختہ عزم کی علامت ہے۔

ٹیگز: