Get Alerts

پاکستان ہاکی کے سابق کپتان خالد محمود انتقال کرگئے

پاکستان ہاکی کے سابق کپتان خالد محمود انتقال کرگئے

لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپیئن خالد محمود طویل علالت کے بعد 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر کھیلوں کی دنیا خصوصاً ہاکی سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خالد محمود پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کے منصب پر بھی فائز رہے، جبکہ انہوں نے قومی ٹیم کے منیجر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہونے والے خالد محمود نے قومی ہاکی ٹیم میں رائٹ آؤٹ کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔ وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔

وہ 1966 کے ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن بھی رہے، جبکہ 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

خالد محمود نے 1970 میں بینکاک میں منعقدہ ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ٹیم نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

سابق اولمپیئنز اور ہاکی سے وابستہ دیگر شخصیات نے خالد محمود کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قومی ہاکی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خالد محمود کی کھیل اور انتظامی میدان میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ٹیگز: