کیلیفورنیا : ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن نے اپنی نئی فلم کے کردار کے لیے تقریباً 22 کلو وزن کم کرنے کے حوالے سے اہم تفصیلات شیئر کردی ہیں۔ اداکار کے مطابق وزن کم کرنے کا یہ سفر اچانک یا کسی سخت طریقے کے بجائے ایک سال کے دوران بتدریج مکمل کیا گیا۔
54 سالہ ڈوین جانسن نے سوشل میڈیا پر اپنی ورزش، خوراک اور فٹنس روٹین کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے تقریباً 50 پاؤنڈ یعنی 22 کلو وزن کم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران انہوں نے کسی غیر معمولی یا انتہائی طریقہ کار کا سہارا نہیں لیا بلکہ وزن گھٹانے کے لیے مستقل مزاجی اور مناسب منصوبہ بندی کو ترجیح دی۔
اداکار کے مطابق اس وقت ان کا وزن تقریباً 105 سے 106 کلوگرام ہے اور وہ موجودہ جسمانی حالت میں اپنی طاقت، اسٹیمنا اور کارڈیو فٹنس سے مطمئن ہیں۔
ڈوین جانسن نے اپنی خوراک کے حوالے سے بتایا کہ کاربوہائیڈریٹس کی مقدار ان کی ورزش کے شیڈول کے مطابق مختلف رہتی ہے۔ ٹانگوں کی ورزش کے دو دن اور اتوار کو وہ تقریباً 450 گرام کاربوہائیڈریٹس لیتے ہیں، جبکہ باقی دنوں میں یہ مقدار 250 سے 300 گرام کے درمیان رہتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کم کاربوہائیڈریٹس والے دنوں میں بعض اوقات پٹھوں کی بھرپور ساخت میں معمولی تبدیلی محسوس ہوتی ہے، جسے وہ ورزش سے قبل رائس کیکس، شہد اور معمولی مقدار میں نمک استعمال کرکے متوازن کرتے ہیں۔
ڈوین جانسن کی آنے والی فلم ’لیزرڈ میوزک‘ کی ہدایت کاری بینے سفدی کر رہے ہیں۔ یہ فلم ڈینیئل پنک واٹر کی اسی نام سے شائع ہونے والی کتاب سے ماخوذ ایک فینٹسی ایڈونچر ہے۔ فلم کی کاسٹ میں تھیو کلارک لیبر، ٹم ہائیڈیکر، ایلیسیا سلورسٹون اور ریجینا ہال بھی شامل ہیں۔
فلم کی کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو رات کے وقت ایک پراسرار نشریات دیکھتا ہے، جس میں چھپکلیوں کو غیر معمولی انداز میں موسیقی بجاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ڈوین جانسن نے اپنی ایک اور آنے والی فلم ’فری برڈ‘ کا بھی اعلان کیا ہے، جس میں وہ لاس ویگاس کے موٹر سائیکل اسٹنٹ مین کا کردار ادا کریں گے۔ کہانی میں ان کا کردار اپنی بیماری چھپاتے ہوئے زندگی کا آخری اور سب سے خطرناک اسٹنٹ انجام دینے کی تیاری کرتا ہے۔