اسلام آباد: 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے اپوزیشن نے سیاسی رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا، تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔ اجلاس میں 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کے اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے تعاون کی درخواست پر بھی غور کیا گیا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے مشاورت کے لیے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔