لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 17 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ آزاد کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد اور راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی 17 ستمبر تک کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب سمیت مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ صوبے کے بعض علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی کل سے 17 ستمبر تک پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
سندھ میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ عمرکوٹ، بدین، کراچی اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بھی 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔