گوادر: پاکستان کی مشہور پورٹ سٹی اور بلوچستان کے شہر گوادر میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد گوادر شہر کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پورٹ سٹی گوادر میں ایئرپورٹ روڈ پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین عام شہری زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوادر منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ شدت پسندوں نے دیسی ساختہ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کررکھا تھا جبکہ موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی ہوئی تھے جس کے ذریعے عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں سڑک کے قریب واقع دکانوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
خیال رہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور وہاں متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان کی سرحد افغانستان اور ایران سے ملتی ہے اور یہی وہ صوبہ ہے جہاں سے بھارتی خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تھا۔