Get Alerts

اسلام آباد مذاکرات تاریخ کا فیصلہ کن لمحہ، پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا لیا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد مذاکرات تاریخ کا فیصلہ کن لمحہ، پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا لیا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد/لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ہونے والے پاک ،امریکہ، ایران سہ فریقی مذاکراتی عمل کو پاکستان کی سفارتی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ قرار دے دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مذاکرات کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ سفارتکاری محض ایک وقتی ایونٹ نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات نے عالمی سطح پر پاکستان کی سنجیدگی، استقامت اور وقار کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے ملک کے اعتماد اور ساکھ کو مزید تقویت ملی ہے۔
سینئر وزیر نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات کے دور رس نتائج سے نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی امن کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے خود کو ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد امن مذاکرات کار کے طور پر منوایا ہے، جو کہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے گزشتہ چار روز کے دوران عالمی وفود کے لیے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور روایتی مہمان نوازی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسے سفارتکاری کا عروج اور عالمی معیار کی میزبانی کا مظہر قرار دیا۔
اپنے بیان کے اختتام پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ مذاکرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک کا مستقبل ایک قابل اور دور اندیش قیادت کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کا اختتام "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کے نعرے سے کیا۔

ٹیگز: