ارشد ندیم، کوہ پیما شہروز کاشف اور طلحہ طالب کیلئے انعامی رقم کا اعلان

Prize money announced for Arshad Nadeem, mountaineer Shahrooz Kashif and Talha Talib
کیپشن: فائل فوٹو

3

لاہور: پنجاب حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اولمپکس ہیروز ارشد ندیم، طلحہ طالب اور کوہ پیما شہروز کاشف کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہائیوں بعد اولمپکس میں شرکت اور پانچویں پوزیشن لینا بھی بہت بڑا اعزاز ہے، اپنے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کے ہیرو زارشد ندیم، طلحہ طالب اور دنیا کے کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف کو دس، دس لاکھ روپے جبکہ جیولن تھرو کے کوچ فیاض بخاری کو 5 لاکھ روپے انعام دیں گے۔

اس کے علاوہ پیرا اولمپکس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں حیدر علی اور انیلہ کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی اور ان کی کوچنگ بھی کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ارشد ندیم نے بہت محنت کی اور اولمپکس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ خوشی کی بات ہے کہ دوسرے کھیل میں ہمارے نوجوان دہائیوں بعد اولمپکس تک پہنچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے دنیا بھر میں پانچویں پوزیشن حاصل کی جس پر ہم سب کو فخر ہے، ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے بھی بہت محنت کی اور اولمپکس میں پانچویں نمبر پر رہے، طلحہ طالب اور ارشد ندیم کو اولمپکس کی تیاری کے لئے سہولیات فراہم کیں، ارشد ندیم کا خود ایئرپورٹ پر استقبال کرنے جاؤں گا۔

رائے تیمورخان بھٹی نے کہا ہے کہ ہمارے ایک اورہیرو نے بھی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، انیس سالہ شہروز کاشف کے ٹو چوٹی سر کرکے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں، ان کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے ہیروز نے ہماری امیدوں کو مزید زندہ کردیا ہے، مستقبل میں ہم گولڈ میڈل جیتنے کیلئے پوری تیاری اور کوشش کریں گے، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے ہیروز کو خود انعامات دیں گے، عوام نے بھی اپنے ہیروز کے لئے بہت دعائیں مانگی ہیں۔

صوبائی وزیر کھیل نے کہا ہے کہ پیرا اولمپکس میں حصہ لینے کھلاڑی حیدر علی اور انیلہ کے تمام اخراجات پنجاب حکومت اٹھائے گی، ان سے ہر طرح سے تعاون کیا جائے گا، ہم ان کی کوچنگ کریں گے، جدید تربیت دیں گے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ سپورٹس کی طرف آرہے ہیں، اس سے سپورٹس میں مزید بہتری بھی آئے گی۔