اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یومِ آزادی کے سلسلے میں 13 اگست بروز بدھ کو مقامی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، 13 اگست کو اسلام آباد کے ریونیو حدود میں تمام سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔ اس تعطیل کے باعث اسلام آباد کے شہری 13 اور 14 اگست کو مسلسل دو چھٹیوں سے مستفید ہوں گے، کیونکہ 14 اگست کو ملک بھر میں یومِ آزادی کی مناسبت سے عام تعطیل پہلے سے ہی طے شدہ ہے۔
تاہم، نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اہم عوامی خدمات سے وابستہ ادارے تعطیل کے دوران بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔ ان اداروں میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI) ، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (ICT) ایڈمنسٹریشن ، پولیس ڈیپارٹمنٹ ، آئیسکو (بجلی کی ترسیل) ، سوئی ناردرن گیس اور سرکاری و نجی ہسپتال شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق، یہ فیصلہ یومِ آزادی کی تقریبات کے پیش نظر شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔