Get Alerts

واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی، صدر ٹرمپ نے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھال لیا

واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی، صدر ٹرمپ نے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھال لیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں مبینہ بڑھتی ہوئی لاقانونیت سے نمٹنے کے لیے سخت اقدام اٹھاتے ہوئے 800 نیشنل گارڈ اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شہر کی میٹروپولیٹن پولیس کا کنٹرول بھی براہِ راست وفاقی حکومت کے تحت لے لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، یہ فیصلہ مقامی ڈیموکریٹک قیادت کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا گیا ہے، جس سے صدر ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت میں ایگزیکٹو اختیارات کے استعمال کا انداز مزید واضح ہو گیا ہے۔یہ دوسرا موقع ہے کہ صدر ٹرمپ نے کسی ڈیموکریٹک اکثریتی شہر میں فوجی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل جون میں بھی وہ لاس اینجلس میں 5 ہزار نیشنل گارڈ اہلکار تعینات کر چکے ہیں۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دارالحکومت میں موجود بے گھر افراد، پرتشدد گروہوں اور منشیات کے عادی نوجوانوں کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا   “ہمارا دارالحکومت قبضے میں جا چکا ہے۔”

صدر کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد واشنگٹن کو محفوظ بنانا ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کو جبراً نکالنے کا اقدام غیر انسانی اور تباہ کن ہو سکتا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو بیمار ہیں یا جن کے خاندان اور طبی سہولیات وہیں موجود ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اگرچہ 2023 میں دارالحکومت میں پرتشدد جرائم میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم 2024 میں ان میں 35 فیصد اور 2025 کے ابتدائی 7 ماہ میں مزید 26 فیصد کمی آئی ہے۔ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں شکاگو اور لاس اینجلس جیسے ڈیموکریٹک کنٹرول والے شہروں میں بھی ایسے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ     "اگر ضرورت پڑی تو شکاگو میں بھی نیشنل گارڈ تعینات کریں گے، جو جرائم سے تباہ ہو چکا ہے۔ امید ہے لاس اینجلس بھی دیکھ رہا ہوگا۔