Get Alerts

قومی اسمبلی میں پنجاب کی حد بندی اور نیا صوبہ بنانے کا آئینی بل پیش

قومی اسمبلی میں پنجاب کی حد بندی اور نیا صوبہ بنانے کا آئینی بل پیش

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پنجاب کی نئی حد بندی اور نیا صوبہ "مغربی پنجاب" بنانے کا آئینی بل پیش کر دیا گیا ہے۔ بل کے تحت صوبہ پنجاب کو تقسیم کر کے فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن کو شامل کر کے ایک نیا صوبہ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ ترمیمی بل رکن قومی اسمبلی ریاض حسین فتیانہ نے قومی اسمبلی کی نجی کارروائی کے دوران پیش کیا ہے۔ بل میں صوبہ پنجاب کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مشکلات کو بنیاد بنا کر صوبے کی تقسیم کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

ترمیمی بل میں آئین کے مختلف آرٹیکلز میں تبدیلی کی تجویز ہے، جن کے تحت صوبوں اور وفاقی حکومت میں نشستوں کی تعداد میں بھی رد و بدل ہوگا۔ اس تجویز کے مطابق پنجاب کی جنرل نشستیں 114 سے بڑھا کر 138 اور خواتین کی نشستیں 24 کی جائیں گی۔

نئے صوبہ "مغربی پنجاب" کے لیے 27 جنرل اور 8 خواتین کی نشستیں مختص کی جائیں گی۔ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت کی نشستوں میں بھی تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اس بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کو مزید جائزے کے لیے بھیج دیا ہے۔