اسلام آباد: واٹس ایپ نے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے، جو کسی جادوئی فلم کی طرح محسوس ہوتا ہے، جیسے ہیری پوٹر کی دنیا! میٹا کی ملکیت والی یہ میسجنگ ایپ اب اپنے صارفین کو "متحرک تصاویر" بنانے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے آپ ساکت تصاویر کو متحرک بنا سکتے ہیں، بالکل آئی فون کے "لائیو فوٹوز" کی طرح۔
اس فیچر میں تصویر کے کھینچنے سے پہلے اور بعد کے چند سیکنڈ کو بھی شامل کیا جائے گا، اور اس میں آواز بھی شامل کی جا سکے گی۔ یعنی یہ صرف ایک تصویر نہیں بلکہ ایک منی ویڈیو ہوگی، جس میں تصویر کی چیزیں حرکت کرتی نظر آئیں گی۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔ واٹس ایپ کھولیں، گیلری میں جائیں، اور اوپر بائیں طرف موشن آئیکون پر کلک کر کے اپنی تصاویر کو متحرک کریں۔
تاہم، یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں ہے اور صرف محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ فی الحال اگر آپ متحرک تصاویر بنانا چاہتے ہیں، تو آپ کو تھرڈ پارٹی ایپس کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے آپ واٹس ایپ پر ہی اپنی پسند کی GIF تصاویر بنا کر اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، لیکن یہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ بہت جلد متعارف کرایا جائے گا۔