اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے گزشتہ روز مال روڈ راولپنڈی پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر کہا ہے کہ ایک سیاسی کارکن نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کرکے ان کی جان لینے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ واقعے میں سیاسی کارکن نے مبینہ طور پر سکیورٹی اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کی، جس پر سکیورٹی فورسز نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔
وزیر مملکت نے سوال اٹھایا کہ ایسے سیاسی کارکنوں کی تربیت کس نے کی اور ان کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار کون بھر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت صرف یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ فائرنگ کرنے والے نوجوان سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ اگر نوجوان کا دماغی توازن درست نہیں تھا تو پھر یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ اس نے اپنے گھر پر فائرنگ کیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بارہا کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پیدا نہ کیا جائے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو تشدد اور قانون شکنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔