وزیر اعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی کو فوری طور پر فنکشنل بنانے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی کو فوری طور پر فنکشنل بنانے کا فیصلہ
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا  کہ پی آئی سی کو فوری طور پر فنکشنل بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کل شام تک بحالی کا ٹاسک دیدیا ہے۔ پی آئی سی واقعہ میں جو بھی ملوث ہوا سختی سے قانون کے مطابق انکے ساتھ نبٹا جائے گا۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا  کہ پی آئی سی کی تزئین و آرائش اور ضروری مرمت کا بھی حکم دیدیا ہے، صورتحال نارمل ہونے تک کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا روز انہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا  کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے سیکورٹی ایس او پی کا از سرنو جائزہ لیا جائے گا، پی آئی سی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، میں کل اسلام آباد میں نیشنل اسمبلی میں تھا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تمام مصروفیات منسوخ کر کے لاہور پہنچا۔

سردار عثمان بزدارنے کہا  کہ کل فوری طورپر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس بلا کر اہم فیصلے کئے، کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے فیصلوں پر عملدرامد کرایا۔ جب تک صورتحال ڈیفیوز نہیں ہوتی روزانہ کی بنیاد پر کابینہ کمیٹی برائے لااینڈ آرڈر کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ پی آئی سی کو فوری طورپر فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پرائیویٹ لوگوں کا جو نقصان ہوا س کا بھی ازالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جمعہ کی شام تک تمام متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کے چیک دے دیئے جائیں گے جو ہنگامہ آرائی کے باعث مریضوں کی ہلاکت ہوئی ان کے ورثا کو بھی ادائیگی کی جائے گی۔